راولپنڈی (ایجنسیاں)سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 31مقدماتمیں شاملِ تفتیش ہونے سے پہلے بانی پی ٹی آئی اور وکیل سے مشاورت کی شرط رکھ دی جس پر عدالت نے ایس او پی کے مطابق بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی اور وکیل سے ملاقات کا حکم دے دیا۔ اڈیالہ جیل میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بشریٰ بی بی پر 26 نومبر کے بعد درج 31 مقدمات کی سماعت کی۔اس موقع پربشریٰ بی بی نے کہا کہ شامل تفتیش ہونے سے قبل بانی پی ٹی آئی اور وکیل سے مشاورت کرنی ہے، مشاورت کے بعد اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے تیار ہوں ۔ بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی موجودگی میں شاملِ تفتیش ہونے کی بھی عدالت سے درخواست کی جس کے بعد عدالت نے ایس او پی کے مطابق بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی اور وکیل سے ملاقات کا حکم دے دیا۔بعد ازاں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بشریٰ بی بی کے 31 مقدمات کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر دی۔