لاہور(آصف محمود بٹ )برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز کی ڈپٹی اسپیکر نصرت غنی ایم پی نے پہلی مشترکہ سی پی اے ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا علاقائی کانفرنس میں اپنے تاریخی خطاب میں جامع اور مساوی ترقی کو فروغ دینے میں باہمی تعاون پر مبنی قانون سازی کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔پنجاب اسمبلی میں کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز کی ڈپٹی اسپیکر نصرت غنی ایم پی نے کہا کہ قانون سازی کے عمل میں مزید نمائندگی کے حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ کی طرف سے اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ فیصلہ سازی کے عمل میں متنوع آوازوں کو بھی سنا جائے۔ یہ ایسوسی ایشن دنیا بھر میں پارلیمانوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، برطانوی پارلیمنٹ سری لنکا، ملائیشیا اور پاکستان جیسے ممالک میں قانون ساز اداروں کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کے علاوہ پارلیمانی مضبوطی اور سفارتی تعاون یلئے پر عزم ہے۔نصرت غنی نے ہاؤس آف کامنز کے سپیکر سر لنڈسے ہوئل کی طرف سے کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کانفرنس کے شرکاء کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر برطانوی پارلیمنٹ کو امید تھی کہ وہ اس کانفرنس میں شرکت کریں گے لیکن وہ نہ آسکے۔