لاہور(کورٹ رپورٹر) پنجاب جوڈیشیل اکیڈمی نے ڈسٹرکٹ کورٹس کے ججز کے لئے ’’ریونیو دستاویزات کے تجزیے اور وراثت کے مسائل ‘‘ کے موضوع پر چھ روزہ تربیتی کورس کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا۔ اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشیل اکیڈمی جسٹس (ر) سردار احمد نعیم، مشیر و ڈائریکٹر ایڈمن حفیظ اللہ خان، ڈائریکٹر ریسرچ منصور احمد خان، ڈائریکٹر ٹریننگ بشریٰ زمان، ڈائریکٹر ٹریننگ ارم ایاز اور سینئر انسٹرکٹرز محمود اعظم، عائشہ خالد اور محمد خالد خان نے کی۔ جسٹس (ر) سردار احمد نعیم نے اس بات پر زور دیا کہ ریونیو دستاویزات اہم مالی اور ٹرانزیکشنل معلومات فراہم کرتی ہیں اور یہ مختلف عدالتی مقدمات میں قابل قدر ثبوت ثابت ہوسکتی ہیں ۔ تاہم عدالت کو اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ دستاویزات ، مستند اور قابل اعتماد ہوں اور قانون شہادت کے تمام تقاضے پوری کرتی ہوں۔