لاہور(خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں جاری کرسمس کی بارہ روزہ تقریبات کے آٹھویں روز کا آغاز کرسمس انٹرفیتھ سائیکلنگ ہیریٹیج رائیڈ کے شاندار انعقاد سے ہوا۔ اس منفرد اور علامتی تقریب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے رائیڈ کے آغاز کے لیے ربن کاٹا اور خود سائیکل چلا کر ریلی کی قیادت کی۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ پاکستان میں ہندو، کرسچن، سکھ اور دیگر مذاہب کے ماننے والے باہمی احترام اور امن کے ساتھ رہتے ہیں۔