اسلام آباد(جنگ نیوز)نجی یونیورسٹی کے طالب علموں نے کْلنری چیمپیئن شپ جیت لی۔تفصیلات کے مطابق نجی یونیورسٹی کے طالب علموں نے لاہور میں منعقد ہونے والی پاکستان انٹرنیشنل کلنری چیمپیئن شپ میں نمایاں کامیابی اپنے نام کی اور اس کامیابی کو بھرپور طریقے سے منایا۔ اس چیمپئن شپ میں ملک بھر کے فائیو اسٹار ہوٹلوں اور معروف ریستورانوں کے شیفس نے حصہ لیا جس میں نجی کے طلباء نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد کیٹیگریز میں سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ اپنے حریفوں میں سب سے نیا ادارہ ہونے کے باوجود اپنی توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھاتے ہوئے بہترین نتائج کا مظاہرہ کیا اور اپنے فن کا لوہا منوایا۔ یہ کامیابی نہ صرف پیش کی جانے والی اعلیٰ تعلیم اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو اجاگر کرتی ہے بلکہ یہ ادارے کی کلنری کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل کی بھی عکاسی کرتی ہے۔