راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) اے این ایف نے ملک کے مختلف علاقوں میں7 کارروائیوں میں 40 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ مالیت کی منشیات برآمدکرلی ،ترجمان اے این ایف کے مطابق 4 ملزموں کو گرفتار کرکے 1467 کلو 455گرام منشیات برآمد کی گئی ،جام شورو میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 4 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی ،اے این ایف حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا،دیگر کارروائیوں میں علامہ اقبال ائیر پورٹ کے کارگو شیڈ میں برطانیہ جانیوالے پارسل میں 3 لیڈیز بیگ سے 35گرام ہیروئن برآمد ہوئی ،جی پی او لاہور میں آسٹریلیا جانیوالے پارسل سے کپڑوں میں جذب ایک کلو 300 گرام آئس ،لاہور میں شاپنگ مال کی بیسمنٹ میں گاڑی سے 120گرام کوکین برآمد کرکے 2ملزموں کو گرفتار کیاگیا،خلیل آباد ڈسٹرکٹ کیچ کے قریب گاڑی سے 99 کلو گرام آئس، 73 کلو گرام چرس اور 50 کلو گرام افیون برآمد ہوئی ایک ملزم کو گرفتار کیاگیا،قلعہ عبداللہ پیر علی زئی کے قریب 1000 کلو گرام چرس برآمدکرلی گئی ،ہزار گنجی ڈسٹرکٹ کوئٹہ میں 240کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی گئی ،تمام کارروائیوں میں انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔