کوئٹہ(پ ر )بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان جیلوں میں قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور جیلوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا جائے ۔ ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی جیلوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں کم اور مراعات نہ ہونے کے برابر ہیں جس سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ جیلوں میں قیدی سہولیات نہ ہونے کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ، آئی جی پولیس اور آئی جی جیل خانہ جات فوری طور پر جیلوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ اور انہیں دیگر مراعات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔