انٹرنیٹ پر معروف لالی و بالی ووڈ اداکارہ ماورا حسین کی جانب سے اپنی شادی پر پہنے گئے حسین جوڑوں کی دھوم مچی ہوئی ہے۔
ماورا حسین کے جوڑے ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی موضوعِ گفتگو بنے ہوئے ہیں۔
جہاں صارفین ماورا کی قریبی دوست اداکار امیر گیلانی کے ساتھ اچانک شادی پر خوش گوار حیرانی میں مبتلا ہیں وہیں وہ اداکارہ کے عروسی ملبوسات کی قیمتیں سُن کر دانتوں تلے انگلیاں دبائے ہوئے ہیں۔
جی ہاں! اداکارہ ماورا حسین نے اپنی شادی کی تینوں تقریبات، نکاح، شیندی اور ولیمے پر ایک دو لاکھ نہیں بلکہ کم از کم 18 لاکھ روپے سے زائد قیمت کا جوڑا پہنا ہے۔
اداکارہ ماورا حسین کے نکاح کے جوڑے کی قیمت 19 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے تھی، یہ جوڑا لاہور کے نامور ڈیزائنرز رانوز ہائیرلومز (Rano's Heirlooms) سے منتخب کیا گیا تھا۔
’ہنگامہ ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ماورا حسین کی جانب سے شیندی کی تقریب پر پہنا گیا جوڑا معروف ڈیزائنر ثانیہ مسکتیہ کا تیار کردہ تھا جس کی قیمت 19 لاکھ 95 ہزار بتائی گئی ہے۔
ماورا حسین نے اپنے ولیمے کے دن نامور فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کے برانڈ زاہا کا انتخاب کیا۔
نمائندہ ’جنگ‘ کی جانب سے مذکورہ برانڈ سے رابطہ کرنے پر انکشاف ہوا کہ ماورا حسین کی جانب سے اپنے ولیمے پر پہنے گئے خوبصورت ترین عروسی لباس کی قیمت ساڑھے 18 لاکھ روپے ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ ماورا حسین نے اپنی زندگی میں نئے رشتے کا آغاز منگنی کے بجائے براہِ راست نکاح سے کیا ہے۔
ان کا نکاح 5 فروری کو امیر گیلانی کے ساتھ ہوا تھا۔