اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی )پاک بحریہ کے زیر اہتمام نویں کثیر القومی مشق امن 2025 شمالی بحیرہ عرب میں انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے انعقاد کیساتھ اختتام پذیر ہوگئی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مشق میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ امن 2025 ایک ایسا فورم بن کر سامنے آیا ، جس نے تمام عالمی جغرافیائی طاقتوں کو محفوظ سمندر، خوشحال مستقبل کے مشترکہ مقصد کے تحت جمع کیا، جس کی عملی عکاس دنیا بھرسے بحری افواج کی اس مشق میں بھرپورشرکت ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق امن مشق 2025 میں تقریبا 60 ممالک نے اپنے بحری جنگی جہازوں، ایئر کرافٹ، میرینز، سپیشل آپریشن فورسز اور بڑی تعداد میں مبصرین کے ساتھ حصہ لیا۔انٹرنیشنل فلیٹ ریویو میں پاک بحریہ اور غیر ملکی بحری جنگی جہازوں کی جانب سے امن فارمیشن کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، یہ مشق امن کے لیے متحد موٹو کے تحت پاکستان کی امن اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی کیلئے غیر متزلزل حمایت کی عکاس ہے۔مہمان خصوصی آرمی چیف نے انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے دوران مختلف آپریشنل مشقوں کا مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔