کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبد القادر پٹیل نے کہاہے کہ پاکستان پانی کی شدید کمی کا شکار ہونے والا ہے ʼماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ڈاک جزیرہ 24ہزار ایکڑ سے سکڑ کر 9ہزار ایکٹر رہ گیا، 38فیصد افراد خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔وہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات 21 ویں صدی میں غیر روایتی سیکورٹی چیلنجزکے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ چیئرمین گلشن اقبال ٹائون ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ ہم نے کووڈ کے دوران غیر روایتی چیلنجز کو دیکھا اس وقت آکسیجن ملنا مشکل ہوگیا۔ ہم ایسی دنیا میں ہیں جہاں چیلنجز مختلف ہیں ہرسال ڈینگی سے سیکڑوں افراد ہلاک ہوتے تھے۔ ہمارے ہاں ماحولیاتی چیلنج بڑھ گیا یہ صرف آلودگی نہیں بلکہ ذہنی دبائواور چڑچڑاپن بڑھ رہا ہے ۔ڈاکٹر مونس احمرنے کہاکہ میں نے کراچی کو اپنے سامنے تباہ ہوتے دیکھا، کراچی کمرشل حب ہے لیکن مختلف مافیائوں کا شکار ہے شہری سالانہ 20ارب روپے کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔