• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی پریس کانفرنس میں ایلون مسک کا بیٹا باپ کی نقل اتارتا رہا


فوٹوز : برطانوی میڈیا
فوٹوز : برطانوی میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران بیٹے کو ساتھ بٹھانے پر ایلون مسک کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران ایلون مسک کے 4 سالہ بیٹے نے اپنی معصوم مگر شرارتی حرکات سے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کروالی۔

اس دوران وہ نہ صرف اپنے ارب پتی والد کی نقل اتارتا رہا بلکہ اوول آفس میں بیٹھے ناک بھی صاف کرتا رہا۔

پریس کانفرنس کے دوران ایلون مسک صحافیوں کے سوالات کے جوابات دینے لگے، تو ان کا بیٹا مختلف انداز بناکر والد کے کندھوں سے لپٹ کر اور گفتگو میں مداخلت کرکے ایک مزاحیہ منظر پیش کرنے لگا۔

اہم پریس کانفرنس کے دوران بیٹے کو ساتھ رکھنے پر ایلون مسک پر تنقید بھی کی گئی، ناقدین نے بچے کو کندھے پر بٹھا کر اہم امور پر گفتگو کو غیر سنجیدہ عمل قرار دے دیا۔

ایک اور موقع پر جب ایلون مسک جمہوریت پر گفتگو کر رہے تھے تو ان کے بیٹے نے ان کی نقل اتارنا شروع کر دی، جس پر انہیں لمحہ بھر کے لیے رکنا بھی پڑا۔

اس پر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ "یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ ایلون مسک کی بے ترتیب گفتگو سے زیادہ بور کون ہو رہا ہے، ٹرمپ یا مسک کا بیٹا!"

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی ملازمین کی چھانٹی کے حکم نامے پر دستخط کر دیے، ایلون مسک وائٹ ہاؤس میں اس ایگزیکٹو آرڈر کی دستخطی تقریب میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے۔

حکومتی اخراجات میں کٹوتی کے معاملے میں ججوں کی مخالفت پر ڈونلڈ ٹرمپ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  امید ہے جج مجھے وہ کرنے دیں جس کے لیےعوام نے مجھے منتخب کیا، اگر جج کہے کہ وہ کسی عمل کا جائزہ نہیں لے سکتے تو ملک کیلئے افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت بڑے پیمانےپر دھوکا دیا جا رہا ہے، جج ہمیں فراڈ کا پتہ چلانے سے کیسے روک سکتے ہیں؟، میں ہمیشہ عدلیہ کے فیصلے پر عمل کرتا ہوں۔

ارب پتی ایلون مسک بھی حکومتی استعداد کار سے متعلق محکمے کے دفاع میں ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری بیوروکریسی ملک کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے محکمہ خزانہ میں ادائیگی کے نظام میں خرابیاں دور کریں گے۔

غزہ میں طبی امداد سے متعلق غلط بیانی کو صحافیوں نے جھوٹا ثابت کیا تو  ایلون مسک نے کہا کہ میری کہی کچھ باتوں کو درست کیا جاسکتا ہے اور کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب مسک نے اپنے بیٹے کو کسی بڑے سیاسی لمحے کا حصہ بنایا ہو، وہ پہلے بھی ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں اسٹیج پر نظر آ چکا ہے اور الیکشن نائٹ کی براہ راست نشریات میں بھی موجود تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید