اداکارہ میرا کی والدہ شفقت زہرہ نے کہا ہے کہ انگریزی نہ آنے کی وجہ سے ان کی بیٹی پر لندن میں آنے پر پابندی لگی۔
والدہ کا نام غلط بتانے اور ٹرانزٹ کی جگہ ٹرانزیکشن بولنے پر امیگریشن حکام نے میرا کو لندن سے واپس کردیا تھا، برطانوی امیگریشن حکام نے میرا پر 10 برس تک برطانیہ داخلے پر بھی پابندی کردی تھی، اب یہ مدت ختم ہو چکی ہے۔
جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں میرا کی والدہ نے بتایا کہ برطانوی ہائی کمیشن سے درخواست کی ہے کہ میرا کو ویزا جاری کیا جائے، میرا کو لندن میں امیگریشن والوں کی انگریزی سمجھ نہیں آئی تھی اور نہ انھیں میرا کی بات سمجھ آئی۔
میرا کی والدہ کے مطابق 10 سالہ پابندی ایک انگریزی زبان کے انٹرویو کے دوران ہونے والی غلط فہمی کی وجہ سے لگی۔
انہوں نے بتایا کہ میرا سے جب امیگریشن آفیسر نے سوالات کیے تو وہ زبان کی رکاوٹ کی وجہ سے انہیں سمجھ نہیں سکیں۔ افسر نے ان سے ‘ٹرانزٹ’ کے بارے میں پوچھا لیکن میرا نے بار بار ‘ٹرانزیکشن’ کا ذکر کیا۔ اسی وجہ سے وہ ایک غلط فہمی کا شکار ہوئیں۔
شفقت زہرہ نے مزید بتایا کہ میرا آرٹسٹ ہے، اس کا لندن آنا ضروری ہے، اس کی نئی فلم میں لندن کے سین فلمبند کرنا ضروری ہیں، یہ 10 برس پرانی بات ہے اب تو میرا بہت اچھی انگریزی بولتی ہے۔
میرا کی والدہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی انویسٹرز میرا کے ساتھ نئے پروجیکٹس شروع کرنا چاہ رہے ہیں، میرا کی کمپنی ڈرامے اور فلمیں بنا رہی ہے اور شان کے ساتھ بھی فلم بنا رہی ہے۔
اداکارہ کی والدہ شفقت زہرہ بخاری نے اپنی بیٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میرا بہت ذہین ہے اور اسے ہیڈلائن میں رہنے کا فن آتا ہے، میرا انتہائی فرمانبردار ہے، وہ میرے پاؤں چومتی ہے۔
خیال رہے کہ میرا کی چھوٹی بہن جرمنی میں رہتی ہیں، جب کہ سب سے چھوٹی بہن لندن میں بطور وکیل کام کر رہی ہیں۔ ان کی والدہ بھی زیادہ تر لندن میں مقیم رہی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میرا کے پاس امریکا کا گرین کارڈ ہے اور وہ وہاں باقاعدگی سے جاتی رہتی ہیں، لیکن برطانیہ میں داخلے کی اجازت انہیں نہیں مل سکی۔