• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹینکر کمیونٹی اس وقت انڈر تھریٹ ہے، حکومت، آفاق احمد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشتگردی منتظم عدالت نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد سمیت گیارہ افراد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ آفاق احمد کو بکتر بند گاڑی میں سخت سیکورٹی میں عدالت پہنچایا گیا۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری کرئیے۔ لانڈھی میں میں ٹرک نذر آتش کرنے کے مقدمہ میں گرفتار مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور دیگر دس کارکنان کو عدالت پہنچایا گیا ۔ عدالت کاکہنا تھا کہ اس مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات کیوں لگائی گئی ہیں،سرکاری وکیل کاکہناتھا کہ آفاق احمد کے کہنے پر جلاؤ گھیراؤ کیا گیا ہے، ٹینکر کمیونٹی اس وقت ان لوگوں کی وجہ سے انڈر تھریٹ ہیں، عدالت کا کہناتھا کہ انڈر تھریٹ تو میں بھی ہوں تو کیا میں بھی کارروائیوں کا حکم دے دوں،سرکاری وکیل نے بتایا کہ ٹینکر جلانے کی وجہ سے شہر خوف کی علامت بنا ہوا ہے اس لیے اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے،عدالت کاکہنا تھا کہ اس مقدمے میں جو بھی دفعات لگائی گئی ہیں اس میں کس طرح اے ٹی اے لگ سکتی ہے؟ آپ کے پاس ایسے کیا شواہد ہیں جس کی بنیاد پر ریمانڈ مانگ رہے ہیں۔تفتیشی افسر کاکہنا تھا کہ ڈمپر کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر مسنگ ہیں خدشہ ہے انکے پاس ہیں ،دو انسانی جانوں کا مسئلہ ہے ،لاکھوں روپے کی چینی کی بوریاں مسنگ ہیں ۔عدالت نے آفاق احمد کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا جبکہ ان کی درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے مقدمہ کا چالان طلب کرلیا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آفا ق احمد کاکہنا تھا کہ اس شہر کے لیے آواز بلند کرنے کی سزا دی جارہی ہے،مجھے جیل بھیج کر وہ لوگ واضح ہوگئے ہیں جو اس مافیا کے ساتھ ہیں،اس شہر میں جان لیوا گاڑیاں دندناتی ہوئی پھر رہی ہیں،میرا کیا مطالبہ تھا میں تو قانون کے مطابق ہیوی ٹریفک کی روانی چاہتا تھا،حکومت اس وقت ڈمپر مافیا کی سرپرستی کررہی ہے ،پیپلز پارٹی اس معاملے میں مکمل طور پر ایکسپوز ہوگئی ہے,عدالت نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی جیل میں بی کلاس سہولیات دینے کی درخواست منظور کرلی۔اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعدا بھی عدالت پہنچ گئی۔آفاق احمد پر پھول نچھاور کیے گئے اور نعرے بھی لگائے گئے۔
اہم خبریں سے مزید