• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رضوان، سلمان کی سنچریاں، پاکستان جنوبی افریقا کیخلاف ریکارڈ ہدف پاکر کامیاب

کراچی (عبدالماجد بھٹی) کپتان محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے زندگی کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے تاریخ رقم کردی ۔ دونوں نے سنچریاں بنائیں اور پاکستان کو353 رنز کا ہدف بناکر مشکل نظر آنے والی فتح دلوادی ۔ پاکستان نے ایک اوور قبل جنوبی افریقا کو چھ وکٹ سے شکست دے دی ۔ ساتھ ہی پاکستان نے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ۔جمعہ کو مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں 2022 میں 349 رنز بناکر سب سے بڑا ہدف حاصل کیا تھا۔ 91 رنز پر تین وکٹ گرنے کے بعد رضوان اور سلمان نے طوفان میں پھنسی کشتی کو کنارے لگادیا۔ بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر 50 اوورز میں 5 وکٹ پر 353 رنز بنائے۔ سلمان آغا اس وقت آئوٹ ہوئے جب پاکستان جیت سے دو رن دور تھا۔ انہوں نے103 گیندوں پر134 رنز دو چھکوں اور16 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ محمد رضوان 128 گیندوں پر122 رنز بناکر نا قابل شکست رہے۔ انہوں نے تین چھکے اور9 چوکے مارے۔ محمد رضوان نے ون ڈے میں چوتھی اور جنوبی افریقا کے خلاف پہلی سنچری106 گیندوں پر بنائی۔ سلمان آغا نے پہلی ون ڈے سنچری87 گیندوں پر13 چوکوں کی مدد سے بنائی۔ دونوں نے پاکستان کی چوتھی وکٹ کی سب سے بڑی 260رنز کی شراکت 229 گیندوں پر بنائی۔ اس سے قبل شعیب ملک اور محمد یوسف نے 2009 میں چوتھی وکٹ پر 206 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کے دو مڈل آرڈر بیٹرز نے سنچریاں بنائیں۔
اہم خبریں سے مزید