• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیشا پٹیل نے انیل شرما سے متعلق کس چیز کے ویڈیو ثبوت پیش کیے؟

امیشا پٹیل اور انیل شرما ایک ایونٹ میں شریک ہیں - فوٹو: فائل
امیشا پٹیل اور انیل شرما ایک ایونٹ میں شریک ہیں - فوٹو: فائل

اداکارہ امیشا پٹیل اور ’غدر 2‘ کے ڈائریکٹر انیل شرما کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا۔ امیشا نے سوشل میڈیا پر ویڈیو ثبوت پیش کرتے ہوئے انیل شرما کے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیا ہے کہ فلم کے کلائمکس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کئی ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انیل شرما انہیں فلم کے کلائمکس کی تفصیلات بتاتے نظر آ رہے ہیں۔

ویڈیو میں واضح طور پر دکھایا گیا کہ فلم کے اصل اسکرپٹ کے مطابق، امیشا کا کردار سکینہ ہی فلم کے ولن کو اس وقت مارتی ہے جب وہ غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوتا ہے۔

انیل شرما کے حالیہ انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے، امیشا پٹیل نے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا، ’ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں انیل شرما واضح طور پر مجھے بتا رہے ہیں کہ میں فلم کے ولن کو ماروں گی، تو اب وہ کیا کہیں گے؟ چونکہ شاید یہ ویڈیو ان کی نظر سے نہیں گزری، میں اسے ٹوئٹر پر شیئر کر رہی ہوں۔‘

اداکارہ نے تین ویڈیوز اپلوڈ کرتے ہوئے پہلے حصے میں لکھا، ’یہ رہا پہلا حصہ، جس میں انیل مجھے صاف صاف بتا رہے ہیں کہ میں ہی فلم کے کلائمکس میں ولن کو ماروں گی!! اب میں دوسرا اور تیسرا حصہ بھی شیئر کر رہی ہوں!! اب انیل کیسے کچھ اور دعویٰ کر سکتے ہیں؟ ویڈیو ہی سب سے بڑا ثبوت ہے۔‘

امیشا کا چیلنج

امیشا نے اپنی تیسری ویڈیو کے ساتھ انیل شرما کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے لکھا، ’انیل سب کو اس ویڈیو کے بارے میں جواب دیں!! اب دنیا سچ جان چکی ہے!! جب ویڈیو میں سب کچھ واضح ہے تو آپ اپنی جھوٹی باتوں کو مزید کیسے برقرار رکھ سکتے ہیں؟‘

تنازع کیسے شروع ہوا؟

یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب امیشا پٹیل نے دعویٰ کیا کہ فلم کے اصل کلائمکس میں انہیں ولن کو مارنا تھا لیکن بعد میں اسکرپٹ کو بدل دیا گیا، اور انہیں اس تبدیلی کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔

تاہم ڈائریکٹر انیل شرما نے ایک انٹرویو میں ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فلم کا اختتام کبھی بھی امیشا کی مرضی کے بغیر نہیں بدلا گیا۔

انیل شرما نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امیشا کو ہمیشہ ’غدر فیملی‘ کا حصہ سمجھا گیا اور انہوں نے سکینہ کے کردار میں محنت سے کام کیا۔

تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ امیشا کو ’بصری طور پر کردار کے لیے موزوں ہونے کی وجہ سے منتخب کیا گیا تھا، نہ کہ ان کی اداکاری کی مہارت کی بنیاد پر۔‘

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’اگر امیشا کو واقعی فلم بنانے کی اتنی ہی سمجھ ہے، تو وہ خود ایک فلم بنا سکتی ہیں۔ یہ کھلی مارکیٹ ہے، انہیں کس نے روکا ہے؟‘


انٹرٹینمنٹ سے مزید