برطانیہ کے دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ دو برطانوی شہری ایران میں گرفتار کیے گئے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی دفتر خارجہ نے ایران میں ایک مرد اور ایک خاتون کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
گرفتاری کی خبر سب سے پہلے ایران کے سرکاری میڈیا نے دی، ایرانی میڈیا کے مطابق وہ جنوب مشرقی شہر کرمان میں حراست میں ہیں، گرفتار افراد پر غیر متعین سیکیورٹی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے ان کے نام ظاہر نہیں کیے لیکن ایک تصویر شائع کی جس میں ان کے چہرے دھندلے کیے گئے ہیں۔
تصویر میں انہیں بدھ کے روز کرمان کے دفتر استغاثہ میں برطانیہ کے سفیر ہیوگو شارٹر سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
برطانوی دفتر خارجہ نے برطانوی شہریوں کو ایران کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ برطانوی اور دوہری شہریت رکھنے والے برطانوی-ایرانی شہریوں کو گرفتاری، تفتیش یا حراست میں لیے جانے کا "نمایاں خطرہ" لاحق ہے۔