کراچی (اسٹاف رپورٹر) بابر اعظم کرکٹ کے حلقوں میں کنگ بابر کے نام سے مشہور ہیں لیکن گذشتہ چند ماہ سے خراب فام کی وجہ سے شائقین انہیں کنگ کہنے پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔مکسڈ میڈیا زون میں ان سے یہی سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے کنگ شنگ کہنا بند کریں۔ کیریئر کے اختتام پر پتہ چلے گا کون کنگ ہے، میں ابھی کوئی کنگ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے اوپننگ نیا رول ہے، ٹیم کی ڈیمانڈ پر یہ ذمہ داری لی ہے، جب اننگز بنتی ہے تو گیم چلانے اور پچ کا اندازہ ہوجاتا ہے، کوشش کرتا ہوں کہ اچھا کھیلوں مگر سیٹ ہونے کے بعد لمبی اننگز نہیں کھیل پا رہا۔ بدقسمتی سے فنش نہیں کر پارہا ہوں۔ جنوبی افریقا کے خلافرضوان اور سلمان نے اچھا کھیلا ، ایسی کارکردگی سے ٹیم میں اعتماد آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود سے بات کرتاہوں کہ کیسے اس صورتحال سے نکلنا ہے، میں نے جو پہلے کیا ہے وہ ماضی ہے، میں پچھلی پرفارمنس میں رہا تو آگے نہیں پرفارم کر پاؤں گا، جو پہلے کیا وہ دن گزر گیا، اگلے دن نیا پلان اور نیا مائند سیٹ ہوتا ہے ۔ فی الحال نئے کردار پر توجہ ہے اور کوشش ہے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں۔