راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) راولپنڈی مال روڈ انڈر پاس کو کم سے کم مدت میں تعمیر کیا جائیگا اور ہرممکن اقدامات کئے جائینگے کہ کاروباری برادری متاثر نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقارچیمہ نے صدرزاہد بختاوری، طلحہ رانا نائب صدر مرکزی تنظیم تاجران کنٹونمنٹ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات میں کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مال روڈ سگنل فری منصوبہ 42دنوں میں مکمل کر لیا جائیگا۔ انہوں نے ادویات کے حصول کیلئے ہسپتالوں اور ملحقہ میڈیکل سٹورز تک رسائی برقرار رکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ زاہد بختاوری نے امید ظاہر کی کہ مال روڈ کی بندش کے دوران تاجروں کی کاروباری سرگرمیوں کو بحال رکھنے، کینٹ کی عوام اور مریضوں کو علاج اور ادویات کے حصول میں درپیش مسائل اور تکالیف کو بہتر اور باہمی مشاورت سے حل کیا جائیگا۔