پاکستانی اسٹار جوڑی اداکارہ کبریٰ خان اور اداکار گوہر رشید پری ویڈنگ سیلیبریشن کے بعد نکاح کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئی۔
جیو کی ڈرامہ سیریل ’جنت سے آگے‘ کی آن اسکرین جوڑی اب حقیقی زندگی میں بھی رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہی ہے۔
رواں سال کے آغاز کے ساتھ ہی شادی کی مختلف تیاریوں کا آغاز ’بسم اللّٰہ‘ سے کرنے والی اس جوڑی نے حال ہی میں کراچی میں پری ویڈنگ سیلیبریشن کے بعد نکاح کے لیے سعودی عرب کا رخ کر لیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے گزشتہ روز خانہ کعبہ کے سامنے سے تصویر اپنی انسٹا اسٹوری میں شیئر کی ہے۔
اس سے قبل اس جوڑی کے لیے ڈھولکی کا اہتمام کرنے والی جوڑی اداکارہ مومل شیخ اور ان کے شوبر نادر نواز نے بھی سعودی عرب جاتے ہوئے اور پھر مکہ مکرمہ پہنچ کر بھی مختلف تصاویر اپنے انسٹا گرام پر شیئر کی ہیں۔
قبل ازیں مختلف سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ یہ جوڑی رواں ماہ سعودی عرب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائے گی۔
اب گوہر رشید کی انسٹا اسٹوری سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ جوڑی اس وقت نکاح کے لیے سعودی عرب میں اپنے عزیزوں کے ساتھ موجود ہے۔