بالی ووڈ اداکار پنکج تریپاٹھی نے اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ شیئر کرتے کہا کہ انکے علم میں یہ بات آئی کہ انکی تصویر ایک پولیس اسٹیشن کے مطلوبہ افراد کے بورڈ میں دیکھی گئی ہے۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ انکے کیریئر کی ابتدا میں اس وقت پیش آیا جب چند ایک ہی کاسٹنگ ایجنسیز ہوا کرتی تھیں۔ اس زمانے میں سوشل میڈیا بھی نہیں تھا۔ اس وقت ہمیں کام کے لیے ایک سے دوسرے در جانا ہوتا تھا اور ہم دعویٰ کرتے کہ اداکار ہیں۔
کاسٹنگ کمپنیوں نے کارڈ بورڈ کاٹن رکھا ہوتا جس میں ہر ایک اپنی تصاویر ڈال جاتا تھا، میں نے بھی ایسے کئی کاٹن میں اپنی تصاویر ڈالی تھیں۔
ایک بار میرے ایک دوست کو ایک کرائم شو میں کاسٹ کیا گیا، یہ ایک پولیس اسٹیشن کا سیٹ اپ تھا، اس نے دیکھا ایک وانٹڈ بورڈ وہاں سیٹ پر لٹک رہا ہے، میرے دوست نے مجھے فون کیا اور کہا: ارے وانٹڈ میں تیری فوٹو ڈال دی ہے، میں نے کہا ایسے کیسے؟
مجھے یاد آیا کہ میں نے اپنی بہت سی تصاویر ان کے دفتر میں چھوڑی تھیں۔ لہٰذا، جب آرٹ ڈپارٹمنٹ کو وانٹڈ بورڈ کےلیے کسی چور یا گینگسٹر کی تصویروں کی ضرورت پڑی تو انھوں نے وہ تصویریں استعمال کیں اس لیے میری تصویر وانٹڈ بورڈ پر موجود تھی۔
48 سالہ پنکج تریپاٹھی نے 2004 میں کیریئر کا آغاز چھوٹے موٹے کرداروں سے کیا، تاہم انکی شناخت گینگ آف واسع پور اور دبنگ 2 سے بنی۔ وہ آخری بار امر کوشیکھ کی فلم استری 2 میں نظر آئے، جبکہ آئندہ دنوں میں وہ میٹرو ان دینو میں نظر آئیں گے۔