کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے جمعہ کو آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے ملاقات کی اورکراچی میں بڑھتے ہوئے حادثات بالخصوص ڈمپرزو ٹینکرز کی ٹکر سے شہریوں کی بڑھتی ہوئی اموات، بدترین ٹریفک جام اور ٹریفک پولیس کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک حادثات میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی اموات نہایت تشویش ناک امر ہے، ان حادثات کا سبب بے ہنگم ٹریفک اور بے قابو ہیوی وہیکل کی شہر میں غیرقانونی آمد ورفت ہے، ڈمپرز، ٹینکرز اور ٹریلرز مقرر اوقات اور مقررہ راستوں سے ہٹ کر سارے شہرمیں چلتے نظر آتے ہیں، اکثر ڈرائیورز غیر لائسنس یافتہ اور ٹریفک کے اُصولوں سے ناواقف ہیں، حادثہ میں ضمانت اور نرم سزاؤں کے قانون نے ان ڈرائیو رز کو قانون کی گرفت سے بے خوف کردیا ہے، منعم ظفر خان نے کہا کہ لائسنس کے اجراء کو آسان بنایا جائے، چنگ چی رکشاؤں کو متعین جگہوں پر پارکنگ کا سختی سے پابند کیا جائے، سڑکوں پر موجود تجاوزات ختم کی جائیں، ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو یونین کمیٹیز کے تعاون سے بہتر بنایا جائے اور ہر سطح پر ٹریفک مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے، اس موقع پرآئی جی سندھ نے ٹریفک کی بہتری اور سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے پولیس کے اقدامات پر بریفنگ دی اور جماعت اسلامی کی جانب سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا۔