ممبئی پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیہ منظر سے غائب ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس مزاحیہ شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں متنازع ریمارکس کے حوالے سے رنویر الہٰ آبادیہ سے رابطہ کرنے سے قاصر ہے۔
ممبئی پولیس کے مطابق رنویر الہٰ آبادیہ کا فون بند ہے جبکہ ان کی رہائش پر بھی تالا لگا ہوا ہے۔
یوٹیوبر کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
انہوں نے اپنے خلاف درج متعدد ایف آئی آرز کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
رنویر الہٰ آبادیہ نے سمے رائنا کے شو میں اپنے متنازع تبصرے کے خلاف درج مقدمات پر سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے اور تمام کیسز کو یکجا کرنے کی درخواست کی ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا ہے کہ مقدمے کو جلد ہی سماعت کے لیے لسٹ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رنویر الہٰ آبادیہ کے خلاف ایک کامیڈی شو میں مبینہ طور پر فحش تبصرے کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
انہوں نے شو کے دوران اپنے نامناسب ریمارکس پر ایک ویڈیو پیغام میں معذرت بھی کی ہے۔
بھارتی یوٹیوبر کے پروگرام میں کہے گئے الفاظ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئے تھے جس پر انہیں سخت تنقید اور مذمت کا سامنا ہے۔