اسلام آباد (رانا غلام قادر )فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت وفاقی سروس میں شمولیت کیلئےچاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 15 فروری سے مسابقتی امتحان سی ایس ایس 2025 کا آغاز ہو گیا،چاروں صوبوں، گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر کے 19 شہروں میں 80 سنٹرز قائم ۔ شیڈول کے مطابق امتحان 23 فروری تک جاری رہے گا۔ 15 فروری کو انگریزی (ایسیز) اور انگریزی (پریسائز اینڈ کمپوزیشن) امتحان شیڈول کے مطابق ہوا، پہلا پرچہ صبح 9 سے 12 بجے ،دوسرا دوپہر 2 سے 5 بجے تھا، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مطابق لازمی مضامین کا امتحان 17 فروری تک ہو گا، جس کے بعد آپشنل مضامین کا امتحان 23 فروری تک جاری رہے گا، ذرائع کے مطابق گزشتہ روز امتحان کے پہلے روز امتحانی پرچے میں حُب الوطنی ، حماس، اسرائیل تنازعہ کے حوالے سے مضامین لکھنے کےسوالات شامل تھے، ذرائع کے مطابق امتحانی پرچہ جات کی سیلڈ جوابی کاپیوں کی ترسیل پاکستان پوسٹ کے تحت جاری ہے۔ تمام شہروں کے جنرل پوسٹ آفسز میں خصوصی انتظامات کئے گئے ، ایف پی ایس سی کےذرائع کے مطابق سی ایس ایس 2025 کیلئے ملک بھر سے 25 ہزار سے زائد امیدواروں نے اپلائی کیا تھا تاہم تحریری امتحان میں 15 ہزار کے قریب نے شرکت کی، امیدواروں میں سب سے زیادہ تعداد لاہور شہر کے امتحانی سنٹرز میں ریکارڈ کی گئی۔