کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت سکھدیو ہیمنانی نےنیشنل ہائی وے اتھارٹی کی سندھ میں کارکردگی پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے تحت قائم نیشنل ہائی وے اتھارٹی ترقیاتی کاموں میں سندھ سے امتیازی سلوک بند کرے، حادثات کی بنیادی وجہ این ایچ اے کی تباہ حال سڑکیں ہیں،سندھ کا انڈس ہائی وے گزشتہ 8سالوں سے وفاقی توجہ کا منتظر ہے، شدید مرمت کی ضرورت ہےسڑک کی حالت اور مینجمنٹ کا نظام ناپید ہونے کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر آئے دن خطرناک ایکسڈنٹ ہوتے ہیں،سندھ میں وفاق کی جانب سے بنائے جانے والے موٹرویز کوالٹی کے لحاظ سے پنجاب سے کم تر کیوں ہیں ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کئی سال گزر جانے کےبعد بھی حیدرآباد تا سکھر موٹروے اب تک نامکمل ہے، کراچی تا حیدرآباد موٹروے انٹرنیشنل معیار کا نہ سہی، پنجاب کے معیار کا تو بنایا جاسکتا تھا۔