کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ورکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کے دانشمندانہ مالیاتی انتظام سے پرائمری سرپلس حاصل ہواہے،پاکستان نئے سال میں معیشت کے استحکام وکلیدی معاشی اشاروں میں بہتری کے ساتھ داخل ہواہے ،پاکستان فری لانسرز کے حوالہ سے تیسرا بڑا ملک ہے ،نوجوانوں کو فری لانسنگ وہنر مند بنانے کے علاوہ ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ کے ساتھ تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہاکہ انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں افراد کاکرداراہمیت کاحامل ہے، ہمیں ایسی ٹیکنالوجیز کوآگے بڑھانے پراپنی توجہ مرکوز کرنا ہو گی جس میں لوگوں سے روزگارنہ چھینا جائے بلکہ ان کیلئے روزگارکے مواقع بڑھائے جائیں، مصنوعی ذہانت سے ڈیجیٹل تبدیلی کاعمل تیز ہوگیاہے، پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے ہمارے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔اس وقت مصنوعی ذہانت اورٹیکنالوجیز کے استعمال سے پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات میں 25فیصد کا نمایاں اضافہ ہواہے، اس شعبہ میں وسیع تراستعداد موجودہے، ٹھوس اقدامات سے ترسیلات زراوربرآمدات میں اضافہ ہواہے، معیشت درست سمت میں گامزن ہوچکی ہے۔