کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)یوٹیلیٹی اسٹور کے برطرف کنٹریکٹ ملازمین نے پیر کو سی بی اے یونین کے سینئر نائب صدر لالہ غلام حیدر اور آل پاکستان ورکرز الائنس کے چیئرمین محمد رفیق کی قیادت میں پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، اس موقع پر مظاہرین نے مطالبات کے حق نعرہ بازی کی ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے لالہ غلام حیدر ، محمد رفیق اور دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت نے 18 سال سے یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن میں کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز کی بنیاد پر فرائض انجام دینے والے ملک بھر کے 3 ہزار کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی بجائے بیک قلم جنبش ملازمت سے برطرف کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جو قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 519 ملازمین فرائض انجام دے رہے ہیں جن میں 146 کنٹریکٹ ، ڈیلی ویجز اور عارضی بنیادوں پر فرائض انجام دیتے ہیں ملک بھر سے نکالے جانے والے 3 ہزار میں سے 86 ملازمین کا تعلق بلوچستان سے ہے ، انہوں نے کہا کہ ان ملازمین کو ملازمتوں سے نکالنے کی بجائے مستقل کیا جائے ۔