• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک کے 13 ویں بچے کی ماں ہونے کی دعویدار کے مزید انکشافات

---فوٹوز بشکریہ سوشل میڈیا
---فوٹوز بشکریہ سوشل میڈیا 

امریکی قدامت پسند مصنفہ اور انفلوئنسر ایشلی سینٹ کلیئر نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا کے امیر ترین شخص اور صدر ٹرمپ کے دست راست ایلون مسک ان کے تیرہویں نومولود بچے کے والد ہیں جسے خفیہ طور پر 5 ماہ قبل جنم دیا گیا تھا۔ 

سینٹ کلیئر نے یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیا ہے جہاں ان کے 11 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں، وہ ماضی میں طنزیہ نیوز سائٹ دی بیبلون بی سے وابستہ رہ چکی ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں نے یہ راز اس لیے رکھا تاکہ ہمارے بچے کی رازداری اور حفاظت برقرار رہے تاہم حالیہ دنوں میں یہ واضح ہو گیا کہ ٹیبلوئیڈ میڈیا اس خبر کو افشاں کرنے کے لیے تیار ہے چاہے اس سے کسی کو بھی نقصان پہنچے۔

سینٹ کلیئر نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ ہمارے بچے کی رازداری کا احترام کیا جائے اور غیر ضروری مداخلت سے گریز کیا جائے۔

دوسری جانب ایلون مسک جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی (DOGE) کے سربراہ ہیں، انہوں نے اس معاملے پر کوئی براہِ راست ردِعمل نہیں دیا ہے۔

یہ دعویٰ ایک تنازع کا باعث بنا جہاں ماضی میں سینٹ کلیئر کی جانب سے کی گئی ایک پوسٹ دوبارہ منظرِ عام پر آئی ہے۔

پوسٹ میں سینٹ کلیئر نے لکھا تھا کہ مسک نے کئی بچوں کو جنم دیا اور وہ خواتین کو بہت تیزی سے چھوڑ دیتے ہیں۔

سینٹ کلیئر کے اس بیان پر مسک نے محض ’وہوا‘ لکھ کر ردِ عمل دیا۔

سینٹ کلیئر نے شکوہ کیا ہے کہ میں کئی دنوں سے مسک سے بات کرنے کی کوشش کر رہی ہوں لیکن ایلون مسک کوئی جواب نہیں دے رہے۔

سینٹ کلیئر کے ترجمان برائن گلیک لچ کے مطابق سینٹ کلیئر اور مسک نجی طور پر ایک معاہدے پر کام کر رہے تھے تاکہ اپنے بچے کی پرورش کا انتظام کر سکیں مگر ایک ٹیبلوئیڈ رپورٹر کی مداخلت نے اس عمل کو خفیہ رکھنے کے تمام امکانات ختم کر دیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینٹ کلیئر کو امید ہے کہ مسک جلد ہی بطور والد اپنی  ذمے داریوں کو تسلیم کر لیں گے تاکہ غیر ضروری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو اور بچے کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔

مسک نے ہفتے کے آخر میں ایکس پر متعدد غیر متعلقہ موضوعات پر پوسٹ کی جن میں اسپیس ایکس، DOGE کی رپورٹ اور ان کے نئے مصنوعی ذہانت کے منصوبے گروک کی اپڈیٹ شامل تھی۔

دوسری طرف سینٹ کلیئر نے نیویارک پوسٹ کو اپنے لگژری اپارٹمنٹ میں مدعو کیا اور انہیں ایک خصوصی انٹرویو دیا۔

سینٹ کلیئر نے بتایا کہ میری مسک سے پہلی ملاقات 2023ء میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے ہوئی تھی جس کے بعد مجھے دی بیبلون بی کے سی ای او سیٹھ ڈیلن نے سان فرانسسکو بلا لیا تھا جہاں پہلی بار ایکس کے ہیڈکوارٹر میں ایلون مسک سے ملی۔ 

بعد ازاں مجھے مسک کا ایک پیغام موصول ہوا جس میں لکھا تھا کہ کیا تم آج رات پروویڈنس (رہوڈ آئی لینڈ) جانا چاہو گی؟

سینٹ کلیئر کے مطابق جب وہ حاملہ تھیں تو انہیں اس بات کو چھپانے پر مجبور کیا گیا۔

نیو یارک پوسٹ کے مطابق مسک نے سینٹ کلیئر کے مالی اخراجات کی مد میں بھی مدد کی جس میں نیویارک کے مالیاتی ضلع میں ایک مہنگا اپارٹمنٹ اور سیکیورٹی اخراجات شامل تھے، تاہم ان کے درمیان تعلقات ختم ہو گئے۔ 

اخبار نے ایسے مبینہ پیغامات کا بھی جائزہ لیا ہے جو سینٹ کلیئر اور مسک کے مالی معاملات دیکھنے والے منیجر اور نیورا لِنک کے سی ای او جیرڈ برچل کے درمیان ہوئے جو کہ سینٹ کلیئر کے دعوے کی تصدیق کرتے ہیں۔ 

سینٹ کلیئر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ اس حقیقت کو ہمیشہ کے لیے راز میں رکھیں اور انہیں مکمل طور پر تنہا کر دیا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ میری پوری زندگی اور کیریئر اس فیصلے سے متاثر ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید