کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کیو ڈی اے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ،سیٹلائٹ ٹاؤن پارک کے اطراف سے ہٹائے گئے کیبن دوبارہ بناکر تاجروں کو الاٹ کیے جائیں تاکہ وہ اپنا روزگار کما سکیں ۔بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر حضرت علی اچکزئی ، میر یٰسین مینگل ، حاجی عبدالکریم لالک صدر اتحاد کپڑا فروشاں نیو بس اڈہ سیٹلائٹ ٹاؤن ، ولی محمد ، حاجی ہاشم کاکڑ ، حاجی عبدالباری آکا سمیت دیگر موجود تھے ۔انہوں نےکہا کہ پرانا بس اڈہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے اطراف میں قائم کیبن جو گزشتہ 50 سال قائم تھے اور وہاں پر تاجر برادری کاروبار کررہے تھے ، حکومت نے مذکورہ کیبن ہٹا دیئے حالانکہ ڈی جی کیو ڈی اے نے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان اور متعلقہ کیبن مالکان سے وعدہ کیا تھا کہ ان کیبن کو دوبارہ مذکورہ دکانداروں کو اسی مقام پر جدید طرز پر تیار کرکے الاٹ کیا جائے گا ، تاجروں سے 70 کیبن جدید طرز پر قائم کرکے الاٹ کرنے کا وعدہ پورا کیا جائے ۔