کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے صاحبزادے اور وفاقی وزیر سینئر سیاستدان غلام مرتضیٰ خان جتوئی کے ساتھ ہونے والے غیر انسانی رویے اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،اپنے جاری بیان میں سردار عبدالرحیم نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ چرانے والے سندھ کے حکمران انتقامی کاروائیوں میں اندھے ہوچکے ہیں اور ان میں نہ سیاسی تمیز رہی ہے اور نہ ہی سندھ کی ثقافت یاد ہے، مرتضی خان جتوئی ایک سینئیر سیاسی رہنما ہیں جنکے خلاف دہشتگردی جیسے جھوٹے اور من گھڑت مقدمات درج کرنا سندھ حکومت کے ظالمانہ اور انسانی حقوق کی پامالی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔