• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایوب ٹیچنگ اسپتال، 13 لاکھ 75 ہزار ڈالر کی MRI مشین کی خریداری معمہ

پشاور ( ارشد عزیز ملک )ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں 13لاکھ 75ہزار ڈالر مالیت کی ایم آر آئی مشین کی خریداری تنازعات اور ابہام کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث معاملہ ایک پراسرار معمہ بن گیا ہے ۔ نئی ایم آر آئی مشین کی خریداری یا پرانی مشین کے تبادلے کا عمل قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ یہ خریداری کسی بھی قسم کے ٹینڈر کے بغیر کی گئی، جو کہ خیبر پختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قواعد کی صریح خلاف ورزی ہےجس سے شفافیت اور ضابطے کی پاسداری پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ہیلتھ کمیٹی نےمعاملے کی مزید تحقیقات کے لیے ہفتہ کواجلاس طلب کرلیا ثبوت پیش کرنے کی ہدایت ، کسی بھی صورت میں نہ تو نئی مشین کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا اور نہ ہی پرانی مشین کو نیلامی کے ذریعے فروخت کیا گیا جو کہ قانونی تقاضہ تھا۔ا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے ایوب ٹیچنگ اسپتال کے حکام کی طرف سے متضاد بیانات کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ ابتدائی طور پر کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایک نئی مشین خریدی گئی ہے، لیکن بعد میں ایک ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں حکام نے اپنے پہلے مؤقف سے انحراف کرتے ہوئے کہا کہ پرانی مشین کو اپ گریڈ کیا گیا تھا۔ جب ان سے متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کو کہا گیا تو وہ کوئی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے۔قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین، مشتاق غنی نے جنگ کو بتایاکہ ہسپتال انتظامیہ اپنے بیانات تبدیل کرکے ہمیں گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ چاہے یہ خریداری ہو، متبادل کا عمل ہو یا اپ گریڈیشن، اسپتال انتظامیہ نے طے شدہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کی ہے۔
اہم خبریں سے مزید