کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج، اچھے مالیاتی نتائج اورمثبت معاشی خبروں کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی کا رحجان ،کےایس ای100انڈیکس میں254پوائنٹس کا اضافہ، 52.32 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی، سرمایہ کاری مالیت میں31ارب65کروڑ43لاکھ روپے کا اضافہ،کاروباری حجم بھی22.51فیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق بدھ کو اچھے کارپوریٹ نتائج اور ملکی معیشت بارےمثبت خبروں کی وجہ سے ٹریڈنگ کے آغاز پر تیزی دیکھنے میں آئی جس کے بعد چند اہم سیکٹرز میں خریداری سے دوپہر کے بعد تک زبردست تیزی سے 100انڈیکس 941پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 14ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا تاہم آخری 2گھنٹوں میں اچانک فروخت کا دباو بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس253.96پوائنٹس کے اضافے سے 113342.44پوائنٹس پر آکر بند ہوا، آل شیئرز انڈیکس بھی159.02پوائنٹس کے اضافے سے 70235.72پوائنٹس ہو گیا لیکن کے ایس ای30 انڈیکس 16.66پوائنٹس کی کمی سے 35292.24پوائنٹس پر آگیا، مارکیٹ میں451 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا،236کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،146کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی اور 69کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 31ارب 65 کروڑ 43لاکھ43ہزار روپے کے اضافے سے 13980ارب 48کروڑ 77لاکھ 30ہزار روپے ہو گئی،کاروباری حجم 12کروڑ 27لاکھ14ہزار شیئرز کے اضافےسے 66کروڑ 77لاکھ 19 ہزار شیئرز پر پہنچ گیا ،بدھ کو مارکیٹ میں کاروباری حجم کے لحاظ سے کے۔الیکٹرک،بینک آف پنجاب،فوجی سیمنٹ ورلڈ کال اور کوہ نور اسپننگ سر فہرست رہے۔