کراچی (نیوز ڈیسک) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے ) نے مرتضی خان جتوئی کی گرفتاری کے خلاف تین روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مرتضی جتوئی کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے، انہیں رہا نہ کیا گیا تو جی ڈی اے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوگی، سندھ کی ابتر صورتحال پر پیر پگارا کی صدارت میں 25فروری کو جی ڈی اے کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز فنکشنل ہاؤس کراچی میں جی ڈی اے رہنماؤں سید صدرالدین شاہ راشدی ، ڈاکٹر صفدر عباسی ، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ، لیاقت خان جتوئی ، سردار عبدالرحیم ، ریاض چانڈیو و دیگر نے پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ صدرالدین شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنا کردار ادا نہیں کریگی تو جمہوریت برائے نام ہوگی فیصلہ سازوں سے کہونگا کہ اپوزیشن کو بات کرنے کی تو اجازت دی جائے ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانا کونسا جرم ہے اگر جمہوریت نہیں چلانی تو پھر ٹھیک ہے ، مرتضی جتوئی کیس بے بنیاد ہے ہم اس جنگ میں قانون کا سہارا لیں گے ، 25فروری کو پیر پگارا کی صدارت میں اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں آیندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔