سندھ پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس ڈیپارٹمنٹ نے محض 5 ماہ میں 1 لاکھ ڈرائیونگ لائسنس بنانے کا ٹارگٹ عبور کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں نمائندہ ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ٹریفک لائسنسنگ اینڈ ٹریننگ سندھ اقبال دارا نے بتایا کہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایت پر 28 ستمبر 2024ء کو آن لائن ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اِس وژن کو بہترین طور پر بروئے کار لاتے ہوئے ایک اہم سنگ میل عُبور کر لیا گیا ہے۔
اقبال دارا نے بتایا کہ اس کے تحت 1 لاکھ افراد نے گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس سندھ کی آن لائن ویب کے ذریعے اپنے لرنر لائسنس حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لرنر لائسنس کے ساتھ ساتھ اب تک مستقل لائسنسز کی آن لائن تجدید اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ آن لائن کے اجراء میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔