کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ دشمن آئندہ بھی اگر مہم جوئی کرے گا تو اسے سخت جواب ملے گا،تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار احمد نے کہا کہ حکومت جنگ سے پہلے اتحاد کے لیے آئی اور ہم نے مثبت رویہ اپنایا حالانکہ ہمیں ایک روز قبل تشدد کا سامنا کرنا پڑاتھا،میزبان حامد میر نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔سینئر سیاستدان فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور آئندہ بھی اگر وہ مہم جوئی کرے گا تو اسے سخت جواب ملے گا۔ میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور یہ جنگ قومی اتحاد کی علامت بنی۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کو سیاسی قیادت نہیں ملی لیکن عاصم منیر کی لیڈر شپ سب پر واضح ہے۔ واوڈا نے بلاول اور عمران خان کو بین الاقوامی سطح پر مؤثر نمائندہ قرار دیا جبکہ مریم نواز پر تنقید کی۔