اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ برطانیہ میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عا صم منیر کو ملنی والی عزت اور وقار تحریک انصاف کو ہضم نہیں ہوا، احتجاج اور سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، تحریک انصاف کو جنرل عاصم منیر کا برطانیہ میں پرتپاک استقبال ہضم نہیں ہوا، اس لیے مٹھی بھر شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ آرمی چیف برطانیہ کے دورے پر ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس سے پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا، پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کو آرمی چیف کا برطانیہ میں پرتپاک استقبال ہضم نہیں ہوا، اس لیے مٹھی بھر شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں جبکہ کچھ لوگوں نے احتجاج بھی کیا، تاہم محب وطن پاکستانیوں نے شرپسند عناصر کی اس مہم کو مسترد کر دیا ہے، جو کوئی بھی پاکستان کی سالمیت، بقا اور مفاد کو نقصان پہنچائے گا اس کے لئے قانون موجود ہے۔