نیویارک (عظیم ایم میاں ) نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے پیکا ایکٹ کو صحافیوں کیلئے مفید قانون قرار دیتے ہوئے اس کیخلاف احتجاج کو ’’بھیڑ چال‘‘ اور لاعلمی قرار دیدیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے دو روزہ دورے کے اختتام پرنیویارک میں اقوام متحدہ کیلئے پاکستانی مشن کی عمارت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی وزیراعظم اسحٰق ڈار نے اپنی مصروفیات اور ملاقاتوں کی تفصیل سے صحافیوں کو آگاہ کیا۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر وہاں موجود صحافیوں نے فوری طور پر اسی ہال میں اجتماع کرکے پیکا ایکٹ کے خلاف مشترکہ طور پر احتجاج کیا اور سینئر صحافیوں نے اپنے ویڈیو بیانات بھی جاری کئے ۔ پریس کانفرنس ختم ہونے کے بعد ڈپٹی وزیراعظم ایک اور پروگرام میں شرکت کے بعد نیویارک سے روانہ ہوگئے۔