اسلام آباد( نیوز رپورٹر) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہا ئوسنگ اتھارٹی نے اپنے ممبران کیلئے اگلے ماہ ڈیجیٹل پورٹل متعارف کرا نے کافیصلہ کیا ہےجس پر اتھارٹی ایک سال سے زائد عرصے سے کام کر رہی تھی۔آٹومیشن کا مقصد شفافیت میں اضافہ، سروس ڈلیوری کو بہتر بنانا اور مالیاتی استحکام کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے یقینی بنانا ہے۔ یہ پورٹل رجسٹرڈ ممبران کے لیے متنوع سہولیات فراہم کرے گا، جن میں تیز رفتار آپریشنز، آسانی اور فوری معلومات تک رسائی شامل ہے۔ پورٹل ایک جامع ڈیٹا بیس پر مشتمل ہوگا جس میں 1 لنک کے ذریعے آن لائن ادائیگی کا آپشن بھی شامل ہوگا۔ اس میں ایس ایم ایس الرٹ سروس، جاری منصوبوں، مالیاتی امور، لین دین کی تفصیلات، لاگت میں اضافے کی معلومات، شکایات سیل، اور ملکیت و واجب ادائیگی سے متعلق تمام معلومات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔