کراچی ( ثاقب صغیر )مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملوث مرکزی ملزم ارمغان کی نشاندہی پر پولیس نے آلہ ضرب برآمد کرلیا، ملزم پانچ مقدمات میں اشتہاری بھی ہے۔ملزم ارمغان کی نشاندہی پرخیابان مومن پراسکے بنگلے پر کارروائی کے دوران بنگلے کے گارڈ روم میں چھپایا گیا ڈنڈا برآمد کرلیا گیا۔تفتیشی حکام کے مطابق ملزم نے بتایا کہ تشدد کے دوران مصطفیٰ کے سر سے خون بہنا شروع ہوگیا تھا۔ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ 6جنوری کو میں نے شیراز کو اپنے بنگلے پر بلایا جبکہ کچھ دیر بعد میں نے مصطفیٰ کو بھی اپنے بنگلے پر بلایا۔ملزم کے مطابق مصطفیٰ کے بنگلے پر پہنچنے کے بعد میں نے اس پر تشدد کیا۔ملزم نے بتایا کہ تشدد کے دوران میں نشے کی حالت میں تھا۔ملزم ارمغان نے بتایا کہ مصطفیٰ کا خون بہنے پر مجھے شیراز نے روکا۔شیراز کی مدد سے مصطفیٰ کو اسی کی گاڑی میں ڈال کر حب لے گئے۔ حب لے جاکر گاڑی کی ڈگی کھولی تو مصطفیٰ زندہ تھا۔اس کے بعد ہم نے گاڑی کی ڈگی بند کی اور اس پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ملزم کے مطابق مصطفیٰ نے حرکت کرنے کی کوشش کی لیکن چوٹ کے باعث ہل نہیں پایا۔ آگ لگنے کے فوراً بعد مجھے شیراز نے وہاں سے چلنے کا کہا جس کے بعد میں اور شیراز حب سے پیدل نکلے اور مختلف گاڑیوں سے لفٹ لیکر کراچی پہنچے۔پولیس نے بتایا کہ ملزم ارمغان اس سے قبل درج ہونے والے پانچ مقدمات میں اشتہاری بھی ہے۔