اسلام آباد (اسرار خان) ایک سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آنے والے دنوں میں 20.5ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کرنے والے ہیں، جس کے تحت ملک بھر میں تقریباً 39 لاکھ خاندانوں کو 5 ہزار روپے کی یک وقتی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس ہفتے کے اوائل میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران، حکام نے اس پیکیج کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا اور اس کے فوری نفاذ کے لیے ہدایات جاری کیں۔ حکام نے بتایا کہ مجوزہ پیکیج جمعہ کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اگر منظوری دی گئی تو وہ باضابطہ طور پر اس ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔ پچھلے طریقہ کار کے برعکس، جس میں اشیاء پر سبسڈی دی جاتی تھی، حکومت نے اب براہ راست نقد امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے تقریباً 2 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔