• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KP پولیس تنخواہیں تینوں صوبوں سے کم، سینئر افسر صوبے میں تعیناتی سے گریزاں

پشاور (ارشدعزیز ملک )دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ خیبر پختونخوا کی پولیس کو ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم تنخواہیں ملتی ہیں۔ سینئر افسر صوبے میں تعیناتی سے گریزاں ہیں،ڈی آئی جی کی تین لاکھ 72 ہزار تنخواہ، پنجاب میں5 لاکھ 79 ہزار ، سندھ میں4 لاکھ 2 ہزار روپے ہے ، IGP ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ دہشتگردی سے متاثرہ صوبہ میں تنخواہیں بڑھانے کےلئے حکومت کو خط لکھا ہے ، نچلے درجے کے افسران کے لیے تنخواہ کا فرق نسبتاً کم ہے لیکن بڑے عہدوں پر یہ فرق نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے سینئر افسران کے لیے یہ عہدے مزید غیر پرکشش ہو جاتے ہیں۔تنخواہوں میں کمی کے باعث کے پی پولیس کے متعدد افسران دیگر صوبوں میںتعیناتی کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ دوسرے صوبوں کے افسران کم تنخواہوں اور سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں تعیناتی سے گریز کرتے ہیں۔ڈی ایس پی اور اے ایس پی گریڈ 17 کی سطح پر یہ فرق بڑھ جاتا ہے ۔ایس پی گریڈ 18 کو خیبر پختونخوا میں دو لاکھ 32 ہزار 531 روپے ملتے ہیں جبکہ پنجاب میں تین لاکھ 73 ہزار 487 روپے سندھ میں دو لاکھ 99 ہزار 496 روپے اور بلوچستان میں چھ لاکھ 7 ہزار 706 روپے ملتے ہیں جو خیبر پختونخوا سے دو لاکھ 81 ہزار 177 روپے زیادہ ہیں۔ڈی آئی جی گریڈ 20 خیبر پختونخوا میں تین لاکھ 72 ہزار 669 روپے وصول کرتا ہے جبکہ پنجاب میں پانچ لاکھ 79 ہزار 361 روپے ٗہ سندھ میں چار لاکھ 2 ہزار 451 روپے اور بلوچستان میں سات لاکھ 46 ہزار 172 روپے تنخواہ وصول کررہا ہے۔نو تعینات انسیکٹر جنرل اف پولیس ذوالفقار حمید نے جنگ کو بتایا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی سے متاثرہ صوبہ ہے لیکن پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں سے کم ہیں ۔انھوں نے کہا کہ تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لئے صوبائی حکومت کو خط لکھا ہے ۔حکومت نے تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے مثبت جواب دیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ تنخواہوں میں اضافے سے بجٹ پر سالانہ 2ارب کے قریب بوجھ پڑے گا ۔
اہم خبریں سے مزید