اسلام آباد (عاطف شیرازی) پرائیویٹ میڈیکل کالجز کا پارلیمانی کمیٹی اور پی ایم ڈی سی کے احکامات ماننے سے انکار،میڈیکل سیکنڈ ائیر کے طلبہ کو بھی 30 لاکھ روپے تک فیس وصولی کے نوٹسز جاری کر دیئے گئے،پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی ہٹ دھرمی رک نہ سکی۔ پارلیمانی کمیٹی اور پی ایم ڈی سی کے احکامات کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے میڈیکل سیکنڈ ائیر کے طلبہ کو بھی 30 لاکھ روپے تک فیس وصولی کے نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔ جبکہ حکومت کی طرف سے 2024-25 کے طلبہ سے فیس وصولی نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ نجی میڈیکل کالجز کی زیادتیوں کے خلاف طلبہ کی بڑی تعداد نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی، سینیٹر پلوشہ خان سمیت قائمہ کمیٹی صحت کے دیگر اراکین، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر صحت ڈاکٹر مختار برتھ اور سیکرٹری صحت کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت صحت وزارت قانون اور پی ایم ڈی سی کے اعلیٰ افسران پر مشتمل ایک کمیٹی نے ایم بی بی ایس کی زیادہ سے زیادہ ٹیوشن فیس 12 لاکھ مقرر کرنے کی سفارشات حکومت کو جمع کرائی ہیں جبکہ حکومت نے ایم بی بی ایس کے 2024-25 کے طلبہ سے فیس وصولی پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔