کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں میزبان نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ سے بیک ڈور رابطے بحال کرنا چاہ رہی ہے۔مفاہمت کا راستہ کھولنے کی کوششیں کررہی ہیں۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا خاموش نہیں ہورہا ہے۔ وہاں سے فوجی قیادت کو براہ راست ہدف بنانے کا سلسلہ جاری ہے، سینئر رہنما مسلم لیگ ن، سینیٹر طلال چوہدری نےکہا کہ موجودہ آرمی چیف کے خلاف پی ٹی آئی کا بغض بہت پرانا ہے۔ بانی پی ٹی آئی جو خط لکھ رہے تھے اس میں بھی بدنیتی شامل تھی۔یہ دھیمے انداز میں نفرت، مظلومیت کا بیانیہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ 9 مئی اور سوشل میڈیا مہم کا مقصد بلیک میلنگ ہے۔سوشل میڈیا مہم زور زبردستی سے اپنی بات منوانے کے لئے ہے۔ان کو پتہ ہے کہ ان کے کیسز میں جب تک این آر او نہیں ہوگا کہیں سے ریلیف نہیں ملے گا۔ان کی آخری ریلیف کی امید26 ویں ترمیم نے ختم کردی ہے۔دو سال سے فیصلہ نہیں کیا جاسکا کہ9 مئی کیس کس عدالت میں چلیں گے۔پی ٹی آئی کے مارچ اور دھرنوں سمیت تمام کارڈز ناکام ہوئے ہیں۔