• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دبئی سے چھٹی پر آنے والا شخص جاں بحق ہوگیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دبئی سے چھٹی پر آنے والا شخص جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹاون تھانے کی حدود آفریدی چوک ابوہریرہ مسجد کے قریب گزشتہ روز ڈکیتی مزاحمت کے دوران گولی لگنے سے ایک زخمی ہو گیا، زخمی کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب دوران علاج وہ چل بسا۔جاں بحق شخص کی شناخت 28 سالہ محمد عمر ولد محمد قاسم کے نام سے ہوئی۔مقتول نوجوان محمد عمر کے کزن یار خلیل نے بتایا کہ میرا کزن محمد عمر گذشتہ شب بلدیہ اتحاد ٹاون میں واقع اپنی رہائش گاہ سے چار پانچ گلیاں چھوڑ کر اپنے دوست سے ملنے گیا تھا ،وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل مسلح دو نامعلوم ملزمان آئے اور انہوں نے اسلحہ کے زور لوٹ مار شروع کردی اور عمر کے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر دی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔زخمی حالت میں عمر کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔انہوں نے بتایا کہ مقتول عمر ایک ماہ قبل دبئی سے پاکستان آیا تھا ۔مقتول عمر دبئی میں والد کے ساتھ کپڑے کا کاروبار کرتا تھا۔مقتول پانچ بھاٸیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔انہوں نے بتایا کہ عمر غیر شادی شدہ تھا۔انہوں نے حکومت سے واقعہ میں ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید