اسلام آباد (فاروق اقدس) چیمپئنز ٹرافی کیلئے کرکٹ میچز کا جوش وخروش جاری ہے لیکن صحیح معنوں میں اس جوش کا عروج کل اتوار 23 فروری کو دیکھنے میں آئے گا جب دوبئی کے میدان میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان گھمسان کا رن پڑے گا اور اپنی اپنی ٹیموں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے پاکستان اور بھارت کے شائقین کے علاوہ دوسرے ممالک کے کرکٹ لورز بھی سٹیڈیم میں موجود ہوں گے،۔
میچ کے حوالے سے جہاں کروڑوں روپے کا جوا ہو رہا ہے وہاں نجومی اور پیش گوئیاں کرنے والے طوطے اور بابے بھی میدان میں ہیں اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے انتہائی دلچسپ میمز، تبصرے، کارٹون اور دعوے دیکھنے اور سننے میں آرہے ہیں، کمپیوٹر اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا دور ہے لیکن نجومی بابے اور طوطے بدستور موجود ہیں۔
پاکستان کی فتح کے حوالے سے ایک غیر متوقع پیشگوئی بھارت کے ایک حقیقی کردار ’آئی آئی ٹی بابا‘ نے کی ہے یہ بھارت کے مشہور مذہبی شخصیت، اور مہا کمبھ میلے کے بابا ابھے سنگھ، جنہیں ’آئی آئی ٹی بابا‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، بھارت کرکٹ میچ کے حوالے سے غیر متوقع دعویٰ کرتے ہوئے بابا ابھے سنگھ نے بھارت کی شکست اور پاکستان کی فتح کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار بھارت، پاکستان کو شکست نہیں دے سکتا۔