وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی مثالی پالیسیوں سے پنجاب میں ترقی کا سفر تیز تر ہو گیا ہے۔صنعتی اور زرعی شعبوں میں انقلابی اقدامات،غریبوں، ناداروں اور بے گھر افراد کیلئے فلاحی اور تعمیری منصوبے،نوجوانوں کیلئے تعلیمی میدان میں اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ اسکیمیں،چھوٹے کاروبار کے فروغ کیلئے کاروبار کارڈ اور دھی رانی جیسے عوامی خدمات کے پروگرام سماجی،معاشی اور معاشرتی مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔یہ بات اطمینان بخش ہے کہ یہ محض کاغذی کارروائی نہیں بلکہ ان پر عملدرآمد ہوتا نظر بھی آ رہا ہے اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ستھرا پنجاب پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے صوبے کے 15کروڑ عوام مستفید ہوں گے۔تمام بڑے شہروں میں نکاسی وفراہمی آب کا نیا نظام رائج کیا جائےگا اور اس کے لیے میگا پلان کی منظوری دے دی گئی ہے۔جس کے تحت ایک لاکھ سے زائد آبادی والے 189شہروں میں سیوریج،واٹر ڈرینج،طوفانی بارشوں کے پانی کی فوری نکاسی،گلیوں کی فرش بندی اور دیگر ضروری ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔صاف پانی کو گندے پانی کی ملاوٹ سے پاک رکھنے کے لیے فراہمی آب کی لائنوں کو سیوریج لائن سے مناسب فاصلے پر متوازی بچھایا جائے گا۔ہر صوبائی حلقے میں 30،30کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر وبحالی ہو گی۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ماڈل ویلج بنانے کی منظوری بھی دی گئی اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے فوری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔سیوریج کا دیرپا اور محفوظ نظام بنانا انتہائی قابل ستائش اقدام ہے۔اس سے تعفن،مچھروں کی افزائش اور آلودگی کے مسائل وغیرہ کم ہوں گے سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رہیں گی۔اس پروگرام کا دائرہ دیہی آبادی تک پھیلنا چاہئے۔