ریلوے پولیس کے نئے آئی جی رائے محمد طاہر کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح یہ ہے کہ ریلوے میں کوئی دہشت گردانہ کارروائی نہ ہو، جو بھی دہشت گرد ہوگا ،اس کا پیچھا کریں گے۔
نئے آئی جی ریلوے پولیس رائے محمد طاہر لاہور میں اپنے دفتر پہنچے تو ریلوے پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
اس موقع پر انہوں نے یاد گارِ شہداء پر پھول بھی رکھے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رائے محمد طاہر نے کہا کہ اگر کوئی آفیسر یا اہلکار کسی مسافر سے بدتمیزی کرے گا تو اس کے ساتھ سختی سے پیش آؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے پولیس فورس کو تیار کریں گے۔
آئی جی ریلوے پولیس نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت پہلی ترجیح ہے، ریلوے کی حفاظت بخوبی کریں گے۔
رائے محمد طاہر نے یہ بھی کہا کہ ریلوے پولیس کی تعداد بڑھانا اور ویلفیئر کے لیے اقدامات کرنا ناگزیر ہے۔