• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانچ سال میں 15 مرتبہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، پی ایم اے

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے کہا کہ  پانچ سالوں کے دوران حکومت نے 15 مرتبہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے تحت صحت رپورٹ 2025 سے متعلق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی ادارہ برائے صحت کی رپورٹ کے مطابق صحت کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں 125ویں نمبر پر ہے۔

ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے کہا کہ پاکستان میں پولیو ایک بڑا مسئلہ ہے جو دنیا بھر میں ختم ہوچکا ہے، 2024 میں پولیو کیسز کی تعداد 74 تھی، 2023 میں 6 کیسز رپورٹ ہوئےتھے۔ 

انھوں نے کہا کہ ہیپا ٹائیٹس بی اور سی کے ایک لاکھ 50 ہزار نئے کیسز سالانہ سامنے آئے ہیں، ہیپاٹائٹس سی کے کیسز میں پاکستان دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے۔

پی ایم اے کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ بیماریوں کے علاج کے بجائے ان کی روک تھام پر توجہ دینا ضروری ہے، صاف پانی کی فراہمی سے 60 فیصد بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ 

ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے کہا کہ مچھروں کے خاتمے سے بھی مختلف بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہوگا، میڈیکل کی تعلیم کی تباہی ہو رہی ہے، ایم ڈی کیٹ میں بھی مسائل ہوتے ہیں۔

صحت سے مزید