• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیا سیڈ بھوک کم کرنے اور دماغی صحت کیلئے مفید

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ چیا کے بیج ناصرف جسم کو نقصان دہ الٹرا پروسیسڈ فوڈز کے اثرات سے بچا سکتے ہیں بلکہ دماغی سوزش کو کم کرنے اور بھوک پر قابو پانے میں بھی مددگار ہیں۔

ماہرین نے انہیں قدرتی طور پر بھوک دبانے والی ادویات جیسے اوزیمپک اور ویگووی کا متبادل قرار دے دیا۔ 

برازیل کی فیڈرل یونیورسٹی آف ویکوسا کے سائنسدانوں نے چیا کے بیجوں سے متعلق تجربات کیے جہاں چوہوں کی تعداد کو دو حصوں میں تقسیم کرکے پہلے حصے کو پہلے آٹھ ہفتے تک چکنائی اور شکر سے بھرپور خوراک دی گئی جبکہ دوسرے حصے کو چیا کا تیل اور کچھ کو چیا کا آٹا دیا گیا تاکہ انسانی غیر صحت مند خوراک کے اثرات کو جانچا جا سکے۔

نتیجہ

نتائج سے معلوم ہوا کہ چیا کا تیل دماغ میں ایسے جینز کو فعال کرتا ہے جو بھوک کو دبانے والے پروٹین (POMC اور CART) پیدا کرتے ہیں۔

چیا کا آٹا براہِ راست دماغ کے بھوک کے ریسیپٹرز سے جڑ کر بھوک کم کرنے میں مددگار پایا گیا۔

دونوں صورتوں میں دماغ کی لیپٹن ہارمون کے ساتھ کارکردگی بہتر ہوئی، جو عام طور پر بھوک کو کنٹرول کرتا ہے لیکن یہ چکنائی والی خوراک سے متاثر ہو جاتا ہے۔ 

چیا کے بیجوں نے دماغی سوزش کو بھی کم کیا، جسے غیر صحت مند خوراک بڑھا دیتی ہے۔

تاہم سائنسدانوں نے واضح کیا کہ تجربے کے دوران چوہوں کا وزن کم نہیں ہوا کیونکہ وہ انتہائی زیادہ کیلوریز والی خوراک کھا رہے تھے۔

غذائی فوائد

چیا کے بیج اومیگا-3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہیں اور مکمل پروٹین فراہم کرتے ہیں، یعنی ان میں تمام نو ضروری امینو ایسڈز موجود ہیں۔

یہ بیج موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق چیا کے آٹے اور تیل کا استعمال غیر متوازن خوراک کے ساتھ جڑے میٹابولک امراض کو قابو میں رکھنے کی حکمتِ عملی ہو سکتا ہے۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔

صحت سے مزید