بھارتی اداکارہ حنا خان کی کینسر سے جنگ جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ بڑی سرجری کے بعد زندگی کا پہیہ رواں دواں رکھنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔
حنا خان اسٹیج 3 کینسر سے نبرد آزما ہیں، انہوں نے حال ہی میں اپنی صحتیابی کی راہ میں درپیش مشکلات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
بھارتی ڈرامہ یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے اور کسوٹی زندگی کی جیسے مقبول ڈراموں سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے اپنے مداحوں کے ساتھ اپنی جسمانی اور جذباتی مشکلات شیئر کیں، خاص طور پر ایک بڑی سرجری کے بعد جس سے گزرنا ان کے لیے ایک مشکل ترین مرحلہ تھا۔
حنا خان نے اپنے انسٹاگرام پر جم سیشن کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہر دن ایک نئی سطح پر، ایک وقت میں ایک قدم، بڑی سرجری کے بعد آگے بڑھنا بہت مشکل ہے، لیکن ہار نہیں مانوں گی کیونکہ میں ایک فائٹر ہوں، یہ بہت زیادہ محنت کا کام ہے، دعاؤں کی درخواست ہے۔
اس سے پہلے حنا خان نے اپنے ریڈی ایشن برنز کی تصاویر شیئر کی تھیں، جس میں ان کی جلد پر پڑنے والے داغ واضح نظر آ رہے تھے۔
25 فروری کو ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ کیموتھراپی اور سرجری مکمل ہو چکی ہے اور اب امیونوتھراپی لے رہی ہوں۔
واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ نے جون 2024 میں اپنے کینسر کی تشخیص کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا تھا۔