کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) رمضان المبارک میں شہری بسیار خوری کرنا شروع کر دیتے ہیں بالخصوص سحری میں زیادہ کھاتے اور افطار میں غیر معیاری و ٹھنڈے مشروبات،بازاری پکوڑے،کھٹی وتلی ہوئی اشیاء وافر مقدار میں استعمال کرتے ہیں جس سے پیٹ و گلے کے امراض میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔ شہریوں کو چاہیے کہ سحری و افطار میں اعتدا ل سے کام لیں ،سحری میں اتنا ہی کھائیں جتنا معمول کا ناشتہ کرتے ہیں ،ٹھندے پانی سے گریز کریں، تلی ہوئی ، زیادہ میٹھی اور ٹھنڈی چیزوں کےساتھ غیر معیاری بازاری اشیاء سے بھی پرہیز کریں ۔ان خیالات کا اظہارڈاکٹر رتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اورماہر امراض ناک کان و حلق ڈاکٹر سید خالد بخاری نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کی آمد کےساتھ ہی عموماً گلے کے مریض بڑھ جاتے ہیں کیونکہ سارا دن روزے کی حالت میں بھوکا پیاسا رہنے کے بعد شہری افطاری میں بہت ٹھنڈے، میٹھے، غیر معیاری مشروبات اور بازاری کھانے استعمال کر جاتے ہیں ۔